بنگلور، 18؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بی سی سی آئی نے بتایا کہ اس کی ایسوسی ایٹ اور ایفیلیٹ ٹیمیں یہاں الور میں انڈر- 19کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔بی سی سی آئی کی ریلیز کے مطابق 15سے 21؍ستمبر تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد لیگ اور ناک آؤٹ بنیاد پر کیا جا رہا ہے اور اس میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی چھ ٹیموں میں شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش، میگھالیہ، سکم، ناگالینڈ اور منی پور کے علاوہ بہار شامل ہیں۔ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔جونیئر قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین وینکٹیش پرساد اور راکیش پاریکھ ایسوسی ایٹ اور ایفیلیٹ ریاستوں کی مشترکہ ٹیم کے انتخاب کے لیے اسٹیڈیم میں میچ دیکھ رہے ہیں۔یہ ٹیمیں مشرقی علاقے میں وینو ماکڑ ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔وجے مرچنٹ ٹرافی انڈر- 16مشرقی علاقہ اورکوچ بہار ٹرافی انڈر -19پلیٹ گروپ کے لیے انڈر- 16اور انڈر- 19مشترکہ ٹیموں کے انتخاب کے لیے الگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے پہلے ان تمام ٹیموں نے یہاں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچنگ کیمپ میں حصہ لیا تھا۔بی سی سی آئی ٹیموں کے لیے اسسٹنٹ اسٹاف کی تقرری کرے گی اور سارے اخراجات بھی اٹھائے گی۔